|
نیو یارک...ہالی وڈ اداکارہ آنجہانی مارلن منرو کی موت سے چند مہینے قبل لی گئی نایاب تصاویر پہلی بار منظرعام پر آ گئی ہیں، جنہیں جلد ہی نیلامی کے لیے پیش کردیا جائے گا. مارلن منرو کی یہ نایاب تصاویر تقریبًا پچاس برس قبل 1961 میں اس وقت لی گئی تھیں جب وہ نیویارک میں اُس وقت کے مشہور شاعر اور اپنے قریبی دوست کارل سینڈ برگ کے گھر پہنچی تھیں۔ فوٹو گرافر سٹریکلر لین جو اُس وقت کارل سینڈبرگ کے گھر موجود تھے اور ان کے پاس کیمرہ بھی تھا انہوں نے مارلن منرو سے خصوصی فرمائش کرکے تصاویر اُتاریں جو ان کے پاس ہمیشہ کے لیے محفوظ ہوگئیں۔ ان تصاویر میں مارلن منرو نوکیلے انداز کا چشمہ پہنے سینڈبرگ کے ساتھ خوشگوار موڈ میں نظر آ رہی ہیں۔ ان تصاویر کی قیمت دو سے چار ہزار ڈالر کے درمیان مقرر کی گئی ہے۔ سب سے خاص بات یہ کہ اس سے قبل یہ کسی اخبار یا میگزین میں شائع نہیں ہوئیں۔ ان تصاویر میں مارلن منرو بہت مطمئن اور خوش نظر آ رہی ہیں۔ سٹیکلر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک حسین اتفاق تھا کہ یہ دو مشہور شخصیات ایک ساتھ تھیں اور میں وہاں اپنے کیمرے کے ساتھ موجود تھا۔ انہوں نے کہا یہ ان کی خوش قسمتی تھی مارلن منرو جو اس وقت پینتیس سال کی تھیں اپنے تراسی سالہ دوست کے ساتھ خوش گپیوں میں مصروف تھیں اور دونوں نے ایک دوسرے کا ہاتھ تھام رکھا تھا۔
|