|
کراچی...وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ عصمت صدیقی اور بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ملاقات میں یقین دہانی کرائی ہے کہ امریکہ میں قیدپاکستانی خاتون ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی حکومت سفارتی، قانونی اور اخلاقی مدد کو جاری رکھے گی اور اس حوالے سے تمام تر اقدامات کو بروئے کار لایا جائے گا۔ گورنر ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینئر اور وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز ڈاکٹر فاروق ستار بھی موجود تھے۔ دوران ملاقات وزیراعظم نے انہیں تسلی دیتے ہوئے اس یقین کا اعادہ کیا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے حکومت پاکستان اپنی تمام تر ذمہ داریاں نبھائے گی اور امریکہ عدالت سے مختلف الزامات میں جرم ثابت ہونے کے فیصلے پر تمام قانونی معاملات پر چارہ جوئی کی جائے گی۔ وزیراعظم نے یہ بھی یقین دلایا کہ امریکی حکومت کے روبرو یہ معاملہ سفارتی سطح پر اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی امریکہ میں پاکستانی سفیر حسین حقانی اور وفاقی وزیر داخلہ عبدالرحمن ملک کو متعلقہ ذمہ داریاں پوری کرنے کی بھی ہدایت جاری کی جائیں گی۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی والدہ نے اپنی بیٹی کی خراب صحت پر سخت تشویش کا اظہار کیا جبکہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے ساتھ جیل میں روا رکھے گئے نامناسب سلوک پر امریکی عدالت کی جانب سے انصاف کے تقاضے پورے نہ کرنے اور متوقع سزا کے حولاے سے اپنے بعض تحفظات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ جس پر وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی پر حکومت کے مختلف حلقوں کی جانب سے مسلسل دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ وہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر سڑکوں پر آنے اور میڈیا پر نقطہ نظر پیش کرنے سے گریز کریں۔
|