|
ممبئی...دنیا کا طاقتور کرکٹ بورڈ کہلانے والا بھارتی کرکٹ بورڈ اور ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کے سربراہان نے انتہا پسند ہندو جماعت شیو سینا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے، آسٹریلوی کرکٹرز کو بھارتی سرزمین پر کھلانے کی رضامندی حاصل کرنے کیلئے بال ٹھاکرے کے گھر پہنچ گئے، ٹھاکرے کو ان تمام کھلاڑیوں کی تفصیلات فراہم کی گئیں جو آئی پی ایل کھیلنے بھارت پہنچنے والے ہیں. بال ٹھاکرے سے ملاقات کے بعد انڈین کرکٹ بورڈ کے صدر شاشنک منوہر کا کہنا تھا کہ بال ٹھاکرے نے ان کی بات بہت غور سے سنی اور انھوں نے اس معاملے پر تفصیلی معلومات فراہم کرنے کو کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بال ٹھاکرے کو واضح کرکے آئے ہیں کہ آئی پی ایل کھیلنے کیلئے تمام آسٹریلوی کھلاڑی نہیں آئیں گے بلکہ صرف چنیدہ کھلاڑی بھارت آئیں گے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے ملاقات کے دوران بال ٹھاکرے کو ان تمام کھلاڑیوں کی تفصیلات بھی فراہم کیں جو آئی پی ایل کھیلنے بھارت پہنچنے والے ہیں۔
|