|
برسٹل...انٹرنیٹ کا زائد استعمال ڈپریشن کا سبب بن سکتا ہے جبکہ چین میں انٹرنیٹ کے عادی افراد کی تعداد ایک سال میں بڑھ کر 24 ملین تک پہنچ گئی ہے۔ برطانوی یونیورسٹی میں ہونے والی تجرباتی تحقیق کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ جہاں انٹرنیٹ کے بہت سارے فوائد ہیں وہیں اس کا زائد استعمال ڈپریشن کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق انٹرنیٹ کا زائد استعمال کرنے والے افراد اس قدر عادی ہو جاتے ہیں کہ وہ اپنی سرگرمیوں میں مصروف ہو کر بیرونی دنیا سے کٹ کر رہ جاتے ہیں جبکہ یہ افراد وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اکیلے پن کا شکار ہو کر ڈپریشن کے مرض میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ چین کے سرکاری میڈیا کی طرف سے کئے گئے سروے کے مطابق 2005ءمیں چین میں پائے جانے والے انٹرنیٹ کے عادی افراد کی تعداد اب بڑھ کر دوگنا سے تجاوز کر چکی ہے۔ اب ہر سات افراد یا نوجوانوں میں سے ایک انٹرنیٹ کا اسی طرح عادی ہے جیسے کسی نشے کا ہو۔ سروے چین کے 30 صوبوں میں کیا گیا جس کے مطابق 18 سے 23 سال کی عمر کے 15.6 فیصد انٹرنیٹ کے عادی آن لائن یوزرز ہیں جب ایک تعداد آن لائن گیمز کے علاوہ ویب چیٹس اور آن لائن رومانس کی لت میں مبتلا ہے۔
|