سی پیک منصوبوں پرتیزی سے کام جاری

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ن لیگ کے وفد سے ملاقات کے دوران کہا ہےکہ1320 میگا واٹ کے کول پاور پلانٹ عمومی طور پر چار سے پانچ سال میں مکمل ہوتے ہیں۔ چین سمیت دنیا کی تاریخ میں اتنے پیداواری گنجائش کے منصوبے پر ایسی تیز رفتاری سے کام کرنے کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں آج تک اتنی تیز رفتاری سے اس طرح کے منصوبے پر کام نہیں ہوا جس طرح ساہیوال کول پاورپلانٹ پر ہو رہا ہے۔ساہیوال کول پاور منصوبے کی رفتار اور معیار بے مثال ہے اور یہ منصوبہ پاک چین دوستی کا عظیم شاہکار بنے گا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے خیالات کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ حکومت بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے اور پنجاب میں گیس کی بنیاد پر 3600 میگا واٹ کے بجلی کے منصوبوں پر بھی برق رفتار ی سے کام جاری ہے۔ وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر گیس پاور پلانٹس لگارہی ہیں اور 3600 میگا واٹ کے گیس پاور منصوبوں کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ پر قابوپانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ عصر حاضر کی تاریخ میں سب سے کم نرخوں پر یہ منصوبے حاصل کئے گئے ہیں اور ان منصوبوں میں112ارب روپے کے قومی وسائل کی بچت کی گئی ہے۔ توانائی بحران میں کمی کے لئے یہ منصوبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔گیس کی بنیاد پر لگنے والے بجلی کے منصوبوں سے عوام کو بجلی سستی ملے گی۔ 2018ء تک بجلی کے متعدد منصوبوں کی تکمیل سے ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا ہونے سے توانائی کی ضروریات پوری ہوں گی، صنعت و حرفت ترقی کرے گی اور لوگوں کے روزگار میں بھی اضافہ ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے 20 کروڑ عوام اپنے مسائل کا حل اور ملک کی ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں اور یہی مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایجنڈا ہے۔ منفی سیاست کرنے والے شکست خوردہ عناصر نے دھرنوں کے ذریعے ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالا اور ذاتی مفادات کی خاطر ملک و قوم کے ساتھ دشمنی کی ۔ عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی کے مخالف عناصر کے دھرنوں کے باعث توانائی منصوبوں میں بھی تاخیر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ دھرنا دینے والے عناصر کا ترقی مخالف ایجنڈا عوام نے یکسر مسترد کر دیا ہے اور اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں نہ کہ دھرنے اور یہی وجہ ہے کہ ملک میں افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کرنے والے ان عناصر کی منفی سیاست آج خود انتشار کی نذر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے گی۔

You might also like More from author

Leave A Reply

Your email address will not be published.