حادثے سے تین گھنٹے قبل جنید جمشید نے چترال میں نماز ادا کی

پی آئی اے کے چترال سے اسلام آباد جاتے ہوئے حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہونے والے مسافر طیارے میں سوار جنید جمشید نے چترال میں اپنی مصروفیات کی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی شیئر کی تھیں اور اپنے ٹویٹ میں چترال کو زمین پر جنت کا ٹکڑا قرار دیا تھا ۔انہوں نے فیس بک پر 3 گھنٹے قبل اپنی نماز ادا کرتے ہوئے تصویر بھی شیئر کی۔ رپورٹس کے مطابق جنید جمشید اپنے دوستوں کے ہمراہ چترال گئے تھے اور پی آئی اے کی پرواز پی کے 661 سے واپس اسلام آباد جارہے تھے۔ واضح رہے کہ 52 سالہ جنید جمشید نے اپنے کیریئر کا آغاز وائٹل سائنز نامی پاپ بینڈ میں مرکزی گلوکار ہونے کی حیثیت سے کیا، اس بینڈ کے ذریعے انہیں اپنی زندگی میں بیشمار شہرت ملی۔ گلوکاری میں بے انتہا شہرت حاصل کرنے کے بعد ان کا رجحان اسلامی تعلیمات کی طرف بڑھ گیا اور آہستہ آہستہ انھوں نے موسیقی کی صنعت کو خیر باد کہہ دیا۔ ان کا شمار پاکستان کے نامور نعت خوان اور بزنس مین کے طور پر بھی کیا جاتا رہا ہے۔ جنید جمشید رمضان کے مہینے میں ٹی وی چینلز پر مذہبی پروگرام کی میزبانی بھی کرتے رہے ہیں۔ جنید جمشید کو 2007 میں صدر پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا۔

You might also like More from author

Leave A Reply

Your email address will not be published.