میتیں آبائی علاقوں کو روانہ ‘جنرل راحیل شریف کا پولیس ٹریننگ سینٹرکا دورہ‘علاقے کی فضائی نگرانی

1

کوئٹہ‘پولیس ٹریننگ سینٹر کے شہدا کی نما زجنازہ ادا کردی گئی ہے ‘ آرمی چیف جنرل راحیل شریف ودیگر حکام کی شرکت ‘بلوچستان حکومت نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق کوئٹہ میں گزشتہ رات پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملے میں جاں بحق اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، کمانڈر سدرن کمانڈ ، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم آئی، وزیراعلیٰ بلوچستان ثنااللہ زہری اور وزیر داخلہ سرفراز بگٹی سمیت اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی۔نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہدا کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردیا گیا ہے جہاں انہیں پوری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔واضح رہے کہ دہشتگردی کی اس واردات میں کوئٹہ کے علاوہ پنجگور، گوادر، پسنی، لورالائی، چمن اور قلعہ عبداللہ سے تعلق رکھنے والے زیر تربیت اہلکار بھی شہید ہوئے ہیں۔ قبل ازیں آرمی چیف جنرل راحیل شریف پولیس ٹریننگ سینٹرپردہشت گردوں کے حملے پراپنی تمام سرکاری اور نجی مصروفیات ترک کرکے کوئٹہ پہنچے جہاں انہوں نے پولیس ٹریننگ سینٹرکا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ کمانڈرسدرن کمانڈ ، ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی ایم آئی بھی موجود تھے۔ اس دوران سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے جب کہ علاقے کی ہیلی کاپٹروں سے فضائی نگرانی کی جارہی تھی۔دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان ثنااللہ زہری نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے جب کہ اس موقع پر صوبے میں تمام سرکاری عمارتوں اور دفاتر پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔دوسری جانب پنجاب حکومت نے بھی صوبے بھر میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

You might also like More from author

Leave A Reply

Your email address will not be published.